لوک جن شکتی پارٹی نے چراغ پاسوان پر کیا اعتماد کا اظہار

   

قومی عاملہ کے اجلاس میں کئی اہم فیصلے‘ ارکان کو حلف دلایا گیا

نئی دہلی: لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نے صدر چراغ پاسوان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی میں ہوئی بغاوت کے بعد ایل جے پی کی قومی عاملہ کا اجلاس اتوار کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر چراغ پاسوان پر اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے تمام فیصلوں سے اتفاق کیا۔ چراغ پاسوان نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی سے باغی ہوئے لیڈران کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں باغیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ باغی گروپ کے تمام فیصلوں کو غیر آئینی قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی باغی گروپ کے رہنما پشوپتی کمار پارس اور ان کے چار حامی ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی سے باہر کردیا گیا۔چراغ پاسوان نے بتایا کہ پارٹی کے بانی رام ولاس پاسوان کی سالگرہ کے موقع پر 5 جولائی سے بہار کے حاجی پور سے آشیرواد یاترا نکالی جائے گی اور پوری ریاست میں عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی۔ میٹنگ میں انجہانی پاسوان کو بھارت رتن سے نوازنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ ایل جے پی کی میٹنگ شروع ہونے سے قبل پارٹی کے صدر چراغ پاسوان نے پارٹی کے بانی اور اپنے والد رام ولاس پاسوان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد میں ایگزیکٹو ممبران کو پارٹی آئین کا حلف دلایا گیا۔ایل جے پی پر کنٹرول کے تعلق سے چراغ پاسوان اوران کے چچا پشوپتی کمار پارس کے درمیان جدوجہد چل رہی ہے۔ گزشتہ دنوں ایل جے پی کے چھ ممبران پارلیمنٹ میں سے چار نے پشوپتی کمار پارس کو پارلیمانی پارٹی کا لیڈرمنتخب کرلیا تھا اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے اپنی منظوری دینے کی درخواست کی تھی۔ اوم برلا نے بھی منظوری دے دی تھی۔