نئی دہلی؍ جمشید پور۔ 25 مئی (یو این آئی) قومی سلامتی کے تئیں ہندوستان کے پختہ عزم اور دہشت گردی کے خلاف سخت موقف پر زور دیتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر شری اوم برلا نے ہندوستان کی مسلح افواج کے عزم اور بہادری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی مسلح افواج، ان کی بہادری، ہمت اور عزم پر فخر ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی ملک یا دہشت گرد تنظیم ہندوستان میں دہشت پھیلاتی ہے تو اس کے نتائج آپریشن سندور سے بھی زیادہ سنگین ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے نہ صرف اپنے داخلی سلامتی کے طریقہ کار کو مضبوط کیا ہے بلکہ اس سلسلے میں دنیا کو ایک واضح اور مضبوط پیغام بھی دیا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ قومی سلامتی کے معاملات میں ہمیں اجتماعی مفاد کے جذبے سے آگے بڑھنا چاہیے ۔ برلا نے یہ باتیں سنگھ بھوم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی پلاٹینم جوبلی تقریبات میں معززین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ برلا نے لوک سبھا اسپیکر کے طور پر جھارکھنڈ کے اپنے پہلے دورے پر رانچی کے برسا چوک میں لارڈ برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیا اور برسا منڈا میوزیم کا بھی دورہ کیا۔