سرینگر: بی جے پی جموں وکشمیر کے جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) اشوک کول کا کہنا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد بھی عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی جموں وکشمیر کی پانچوں پارلیمانی سیٹوں پر جیت درج کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی جے پی نے سرگرمیاں تیز کرنا شروع کی ہیں اس ضمن میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے لیڈروں اور کارکنوں کو فعال بنایا جا رہا ہے ‘۔ان کا کہنا تھا کہ تمام پارلیمانی حلقوں میں دفاتر کھولے جا رہے ہیں تاکہ ان علاقوں میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو سکیں۔ کول نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کی قیادت میں جموں وکشمیر میں وسیع پیمانے پر تبدیلیاں آئی ہیں۔