لوک سبھا انتخابات ، آج رائے شماری، نتائج کا اعلان

,

   

کس کی ہوگی جیت، کون بنے گا وزیراعظم، شام تک ہوجائیگا فیصلہ
پہلی مرتبہ پرچیوں سے تنقیح
ووٹنگ مشینوں سے عدم توثیق پر
پرچیوں کی گنتی پر قطعی نتیجہ

نئی دہلی ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کیلئے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کل جمعرات کو 8:00 بجے صبح شروع ہوگی۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے 543 کے منجملہ 542 حلقوں میں 17 اپریل تا 9 مئی سات مرحلوں میں منعقدہ انتخابات کی تکمیل کے بعد سے کس کی ہوگی جیت؟ اور کون بنے وزیراعظم جیسے دو اہم سوالوں کے جواب معلوم کرنے کیلئے سارے ملک کے عوام گذشتہ چار دن سے ’چپ سادھے‘ دم بخود بیٹھے نتائج کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ ان کے انتظار کی گھڑیاں بالآخر جمعرات کی صبح ختم ہوجائیں گی جب ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی۔ 10 بجے دن تک ابتدائی نتائج کا اعلان متوقع ہے۔ علاوہ ازیں جماعت واری موقف کے ساتھ نتائج کا رجحان بھی بڑی حد تک واضح ہوجائے گا۔ الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے کہا کہ 16 لاکھ پوسٹل بیالٹس کی ہاتھ کے ذریعہ گنتی کیلئے ہی بذات خود کم سے کم دو گھنٹے لگ جائیں گے۔ لوک سبھا کے 543 منجملہ 542 حلقوں میں انتخابات منعقد ہوئے تھے کیونکہ الیکشن کمیشن نے دولت کے بے تحاشہ استعمال کی بنیاد پر حلقہ ویلور کے انتخابات منسوخ کردیا تھا۔ ویلور کے انتخابات کے انعقاد کیلئے انتخابی ادارہ نے تاحال تازہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

ضابطہ کے مطابق پہلے پیپرسلپس کی گنتی ہوگی بعدازاں ان کے نتائج کی توثیق و یکسانیت ثابت کرنے کیلئے ای وی ایم نتائج دکھائے جائیں گے۔ ای وی ایم اور وی وی پیاٹ پرچیوں کے نتائج میں عدم یکسانیت کی صورت میں گنتی شدہ پیپرسلپس پر مبنی نتائج کو قطعی سمجھا جائے گا۔ ای وی ایم پیپر ٹرائیل مشین میچنگ کے سارے عمل کی تکمیل کیلئے اضافی چار تا پانچ گھنٹے درکار ہوں گے۔