لوک سبھا انتخابات میں کے سی آریا ٹی آر ایس عنصر نہیں

,

   

ملک کو جھوٹ کے ذریعہ دھوکہ دینے والے مودی کی نہیں بلکہ راہول گاندھی کی ضرورت
حیدرآباد ۔ 17 ؍ فبروری (پی ٹی آئی) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی نے اتوار کو کہاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں یہاں کوئی کے سی آر یا ٹی آر ایس عنصر نہیں ہوگا بلکہ اصل موضوع وزیراعظم کے انتخاب سے متعلق رہے گا اور دعوی کیاکہ ان کی پارٹی تمام 17 لوک سبھا حلقوں سے کامیاب ہوگی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ پارلیمنٹ کے لئے ہونے والی ووٹنگ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ اور تلنگانہ راشٹراسمیتی کے بارے میں نہیں ہوگی بلکہ آئندہ وزیراعظم کے انتخاب کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ اور بی جے پی کے (وزیراعظم ) نریندرمودی کے مقابلے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کوہی عوام یقیناً ترجیح دیں گے ۔ کانگریس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں اتم کماری ریڈی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ گذشتہ تین دن سے جاری غور و فکر کے اجلاسوں سے ثابت ہوگیا ہے کہ کانگریس کے تمام قائدین اور ووٹرس لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کیلئے اور پرجوش ہیں ۔ اعلامیہ کے مطابق اتم کمار ریڈی نے لوک سبھا حلقوں چیوڑلہ ‘ ملکاجگیری ‘حیدرآباد ‘ سکندرآباد اور میدک کے قائدین اور کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ حلقہ حیدرآباد سے کانگریس ایک طاقتور امیدوار کو میدان میں اتارے گی ۔ انہوں نے کہاکہ (ڈسمبر 2018ـ کے ) اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کے تمام اسباب اور وجوہات پر پوری سنجیدگی کے ساتھ بغور جائزہ لیا گیا ہے ۔ لوک سبھا کے 17 حلقوں کے قائدین کی تعمیری اور رقمی تجاویز پیش کئے ہیں جس کو پارٹی کی قطعی حکمت عملی میں شامل کیاجائیگا ۔مناسب منصوبہ بندی ‘ رابطہ ‘ نگرانی اور حکمت عملی پر عمل آوری کے ذریعہ ہی لوک سبھا انتخابات جیتے جاسکتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کیا کہ مرکز میں برسراقتدار این ڈی اے حکومت نے گذشتہ پانچ سال کے دوران بلند بانگ وعدوں کے سواء کچھ نہیں کیا ۔ ہندوستان کو جھوٹ کے ذریعہ دھوکہ دینے والے نریندمودی کی نہیں بلکہ راہول گاندھی جیسے ویژن رکھنے والے قائد کی ضرورت ہے ۔ تلنگانہ کے لئے اے آئی سی سی انچارج آر سی کنٹیا نے اپنی پارٹی کے تمام قائدین کو تمام سطحوں پر تنظیم کو مستحکم بنانے کی ہدایت کی اور کہاکہ بوتھ سطح پر تقررات کی عاجلانہ تکمیل کی جائے۔