لوک سبھا انتخابات ‘ کانگریس ٹکٹ کیلئے 25 درخواستیں وصول

   

درخواستیں داخل کرنے مزید دو دن باقی ۔ ہنمنت راو حلقہ لوک سبھا کھمم سے مقابلہ کے خواہاں
حیدرآباد 10 فبروری ( این ایس ایس ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے آج کہا کہ ریاست میں لوک سبھا حلقوں کیلئے ٹکٹس کے خواہشمندوں سے درخواستیں طلب کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گاندھی بھون پر ٹکٹس کے خواہشمندوں کا ہجوم آنے لگا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ بھونگیر حلقہ لوک سبھا سے ٹکٹ کے خواہشمند وی سوامی گوڑ نے اپنی درخواست سینئر پارٹی لیڈر ٹی کمار راو کو پیش کردی ہے ۔ اس درخواست میں انہوں نے پارٹی سے وابستگی اور اپنی خدمات کو اجاگر کیا ہے ۔ یہ مکتوب راہول گاندھی کے نام ہے ۔ اپنی درخواست میں سوامی گوڑ نے کہا کہ وہ گذشتہ 30 سال سے پارٹی کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی صدر کو واقف کروایا کہ بھونگیر حلقہ لوک سبھا میں جملہ ڈھائی لاکھ ووٹرس گوڑ برادری کے ہیں۔ علاوہ ازیں سینئر لیڈر و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راو نے کھمم لوک سبھا حلقہ سے ٹکٹ دینے کی خواہش کی ہے ۔ وہ بھی درخواست داخل کرچکے ہیں۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی نے ہائی کمان سے خواہش کی ہے کہ انہیں ناگرکرنول سے لوک سبھا کا ٹکٹ دیا جائے ۔

ایک اور کانگریس لیڈر پٹیل رمیش ریڈی نے نلگنڈہ حلقہ سے ٹکٹ دینے کی خواہش کرتے ہوئے درخواست داخل کی ہے ۔ اندرا نائک اور بیلیا نائک جیسے قائدین نے بھی اپنی درخواستیں داخل کرتے ہوئے خواہش کی ہے کہ انہیں محبوب آباد اور ورنگل سے لوک سبھا ٹکٹ دیا جائے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ اب تک پارٹی کو جملہ 25 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں پارٹی کے کئی قائدین نے ریاست کے مختلف لوک سبھا حلقوں سے اپنی دعویداری پیش کرتے ہوئے ٹکٹس فراہم کرنے کی خواہش کی ہے ۔ کانگریس نے ٹکٹ کے خواہشمندوں سے درخواستیں طلب کرنے کی مہلت مقرر کی تھی اور ابھی اس مہلت میں مزید دو دن باقی ہیں جب تک یہ درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کے باوجود لوک سبھا حلقوں سے ٹکٹس کے خواہشمندوں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی ہے بلکہ پارٹی قائدین کی کثیر تعداد ایسی ہے جو یہ سمجھتی ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی بہتر ہوگی اور اسے کامیابی ملے گی ۔