لوک سبھا میں ہنگامہ ، دو دن میں 45 ارکان پارلیمنٹ معطل

,

   

کاویری مسئلہ پراناڈی ایم کے ارکان کا احتجاج ، کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی

نئی دہلی ۔ /3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا کی کارروائی آج بھی معطل رہی ۔ اناڈی ایم کے اور تلگودیشم ارکان نے علی الترتیب کاویری مسئلہ اور آندھراپردیش کو خصوصی موقف پر مسلسل احتجاج جاری رکھا ۔ دو دن کے دوران 45 ارکان کو معطل کیا گیا ہے ۔ ایوان کی کارروائی میں بار بار خلل پیدا کرنے پر اسپیکر نے مزید 21 ارکان کو معطل کردیا ۔ ایوان میں ان ارکان کے غیر اصولی رویہ کے باعث اسپیکر نے یہ کارروائی کی ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے 13 تلگودیشم ارکان اور اناڈی ایم کے کے 7 ارکان کے بشمول 21 ارکان کو ایوان سے معطل کرنے کا حکم دیا ۔ ایوان میں آج کارروائی چلنے نہیں دیا گیا ۔ ایک دن قبل بھی 24 اناڈی ایم کے ارکان کو سیشن کے تمام ایام کے لئے معطل کردیا تھا ۔ یہ ارکان مسلسل خلل اندازی پیدا کررہے تھے ۔ آج بروز جمعرات ایوان کی کارروائی کا دوبارہ آغاز ہوا تو اناڈی ایم کے اور تلگودیشم کے ارکان نے ایوان کے وسط میں پہونچکر نعرے بازی شروع کی ۔ ان کے ہاتھوں میں بیانرس بھی تھے ۔ اناڈی ایم کے لئے یہ ارکان کاویری ندی پر ڈیم کی تعمیر کو روکنے کا مطالبہ کررہے تھے جبکہ تلگودیشم ارکان اپنی ریاست آندھراپردیش کو خصوصی ریاستی موقف دینے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ اناڈی ایم کے پارٹی کے ارکان نے اسپیکر کی جانب کئی مرتبہ کاغذات پھینکے ۔ ایوان میں شوروغل اور احتجاجی نعروں کے درمیان پارلیمانی امور کے وزیر نریندر سنگھ تومر نے احتجاجی ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ اپنی نشستوں پر واپس جائیں ۔ تاہم جنوبی ہند کی دو ریاستوں کے احتجاجی ارکان نے اس اپیل کی پرواہ نہیں کی اور شوروغل جاری رہا ۔ جس پر اسپیکر نے ابتداء میں خبردار کیا کہ وہ گڑبڑ کرنے والے ارکان کا نام لیں گی اور ان کے خلاف کارروائی کریں گی ۔