لوک سبھا میں 58 پرانے قوانین کو ختم کرنے بل پیش

   

نئی دہلی 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج لوک سبھا میں ایک بِل پیش کیا ہے جس میں 58 پرانے قوانین کو برخاست کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہاکہ یہ پرانے قوانین عوام کے لئے غیر ضروری اور مشکل پیدا کرنے والے ہیں۔ اپوزیشن ارکان نے حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ ارکان پارلیمنٹ سے صلاح مشورہ کے بغیر ہی بلوں کو پیش کرنے میں عجلت سے کام لے رہی ہے۔ بل کے متن پر غور و خوض کرنا ہمارا کام ہے۔ روی شنکر پرساد نے کہاکہ نریندر مودی حکومت نے پہلے ہی پرانے 1458 قوانین کو برخاست کردیا ہے اور اِن کی جگہ نئے قوانین لائے ہیں اور اب مزید 58 قوانین کو بھی برخاست کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ حکومت نے اپوزیشن کے دعوے کو مسترد کردیا کہ ارکان پارلیمنٹ کو بِل کا مطالعہ کرنے کے لئے مناسب وقت نہیں دیا گیا۔ روی شنکر پرساد نے کہاکہ بل کا جائزہ لینے کے لئے اپوزیشن کو دو یوم کی نوٹس دی گئی تھی اور پہلے ہی یہ اتفاق رائے ہوا ہے کہ پرانے قوانین کو ختم کرنے کا عمل ایک اچھا اقدام ہے۔ ارکان اِس بل پر بحث مباحث کرسکتے ہیں کیوں کہ یہ بِل پارلیمنٹ میں متعارف کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال نے کہاکہ بزنس اڈوائزری کمیٹی میں اِس بل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ہے۔