لوک سبھا چناؤ میں انتخابی بے قاعدگیوں کے خلاف انتباہ

   

کانگریس قائد ششی دھر ریڈی کی رجت کمار سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 12۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد ایم ششی دھر ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں برسر اقتدار پارٹی کی جانب سے انتخابی قواعد کی خلاف ورزیوں پر کانگریس خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کریں۔ ششی دھر ریڈی نے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں الیکشن کمیشن حکومت کے اشارہ پر کام کر رہا ہے۔ برسر اقتدار پارٹی کی بے قاعدگیوں پر کمیشن خاموش ہیں۔ رجت کمار کی جانب سے مختلف سیاسی قائدین کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے بعد ششی دھر ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کی ۔ جی نرنجن کے ہمراہ انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر کو مختلف تجاویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر رائے دہندے کو آزادانہ طور پر ووٹ کے استعمال کا حق ملنا چاہئے ۔ انہوں نے فہرست رائے دہندگان میں خامیوں کو دور کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بڑی تعداد میں رائے دہندوں کے نام موجود نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بعض اسمبلی حلقوں میں فرضی ووٹرس کے نام پائے گئے ۔ اس سلسلہ میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں قانونی لڑائی کے باوجود فہرستوں میں کوئی سدھار نہیں ہوا۔