لوک سبھا چناؤ میں یونائٹیڈ مسلم فورم کی کانگریس کو تائید

   

رائے دہی میں اضافہ کیلئے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور
حیدرآباد۔/7 مئی، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات میں یونائٹیڈ مسلم فورم نے تلنگانہ میں کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ یونائٹیڈ مسلم فورم کا اجلاس صدر مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم کی صدارت میں خانقاہ حضرت شاہ خاموشؒ نامپلی میں منعقد ہوا۔ لوک سبھا انتخابات کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کو کامیابی سے روکنے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ اجلاس میں مولانا شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار، مولانا ظہیر الدین علی صوفی، مولانا شفیق عالم خاں جامعی، مولانا مسعود حسین مجتہدی، مولانا تقی رضا عابدی اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر تلنگانہ کے 16 لوک سبھا حلقوں میں فرقہ پرستوں کی کامیابی کو روکنے کیلئے کانگریس پارٹی کی تائید کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بی جے پی کی کامیابی کو روکنا ضروری ہے۔ ریاست اور ملک میں ایسی پارٹی کو ووٹ دیا جائے جو بی جے پی کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ مستقبل میں فسطائی طاقتوں کے ناپاک عزائم کو روکنا ضروری ہے۔ تلنگانہ میں جن حلقوں پر بی جے پی کے امکانات ہیں وہاں خاص طور پر حکمت عملی کے ذریعہ روکنے کی کوشش کی جائے گی۔ اجلاس میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے شعور بیداری پر زور دیا گیا۔ فورم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 13 مئی کو رائے دہی کے دن چھٹی یا کسی تفریح سے گریز کریں۔ ووٹ ایک امانت بھی ہے اور شرعی حکم بھی ہے۔ ہر شہری اس حق سے استفادہ کرے۔ مساجد کے ائمہ و خطباء سے خواہش کی گئی کہ وہ جمعہ سے قبل ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کریں۔1