لوک سبھا چناؤ کے انتظامات پر ڈپٹی الیکشن کمشنر آف انڈیا کی حیدرآباد آمد

   

عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، اسمبلی چناؤ کے تجربات کے مطابق حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔/7فروری، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر آف انڈیا نتیش کمار ویاس نے آج چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ حیدرآباد میں اجلاس منعقد کیا۔ ریاست میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر نے چیف الیکٹورل آفس کے عہدیداروں کی ستائش کی جنہوں نے اسمبلی انتخابات کامیابی کے ساتھ منعقد کئے۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ اسمبلی انتخابات میں حساس علاقوں کے اعتبار سے لوک سبھا چناؤ کیلئے بھی احتیاطی تدابیر کریں اور صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کریں۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے عہدیداروں کیلئے منعقدہ ٹریننگ سیشن اور دیگر تیاریوں سے واقف کرایا۔ الیکشن کمیشن کے نمائندے سے کئی معاملات میں وضاحت حاصل کی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سی ای او لوکیش کمار، ڈپٹی سی ای او شریمتی ستیہ وانی، جائنٹ سی ای او سرفراز احمد، سنجے جین آئی پی ایس، مہیش بھاگوت ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ نتیش کمار ویاس نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں عہدیداروں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال سے لیکر رائے دہی تک عہدیداروں کیلئے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ انہوں نے الیکشن میں نیم فوجی دستوں کی ضرورت اور فنڈز کی ضرورت کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر کی سطح پر باقاعدگی کے ساتھ محکمہ جاتی سطح پر اجلاس منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی سرگرمیوں کے دوران ضبط کی جانے والی اشیاء کی تفصیلات اور عہدیدار کا نام بھی عوام کیلئے جاری کیا جائے۔ ضبط شدہ اشیاء کا ریکارڈ رکھا جائے اور تاجرین کی جانب سے سونا اور دیگر دھاتوں کی منتقلی کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کے قواعد پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے پوسٹل بیالٹ کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عنقریب فیصلہ کا تیقن دیا۔1