لوک سبھا چناؤ کے بعد بی آر ایس صرف خاندان تک محدود رہیگی: کرشنا راؤ

   

بی آر ایس قائدین الیکشن لڑنے تیار نہیں، دس سالہ اقتدار کے کرپشن کی جانچ
حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ نے الزام عائد کیا کہ اسمبلی چناؤ میں شکست کے باوجود بی آر ایس قائدین نے سبق نہیں سیکھا ہے۔ کانگریس حکومت کے ایک ماہ کی تکمیل کے ساتھ ہی ضمانتوں پر عمل آوری کو لے کر تنقیدوں کا آغاز کردیا گیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اقتدار سے محرومی نے بی آر ایس قائدین کو بوکھلاہٹ کا شکار بنادیا ہے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ کانگریس نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ، ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا ۔ 6 ضمانتوں میں سے 2 پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے عوام سے دھوکہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کے غرور اور تکبر اور خاندانی حکمرانی سے عاجز آکر عوام نے کانگریس کو اقتدار کا موقع دیا۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ 10 سالہ اقتدار میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات ، ایس ٹی طبقات کے تحفظات کو 12 فیصد کرنے ، کے جی تا پی جی مفت تعلیم اور غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی جیسے وعدے فراموش کردیئے گئے۔ کانگریس 6 ضمانتوں میں شامل ہر وعدہ کی اندرون 100 دن تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں عوامی وعدوں کی تکمیل کا پارٹی نے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ پرجا پالنا کے تحت لاکھوں درخواستیں موصول ہوئیں جنہیں ڈیجٹلائیز کرنے کا کام جاری ہے۔ جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالتے ہی دو ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے جن میں آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر اور راجیو آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک علاج کی سہولت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل کے بارے میں بی آر ایس کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کانگریس پارٹی اپنی ذمہ داری سے بخوبی واقف ہے۔ ہریش راؤ اور کے ٹی آر پر تنقید کرتے ہوئے کرشنا راؤ نے کہا کہ کونسی پارٹی ختم ہوجائے گی اس کا اندازہ آئندہ تین ماہ میں ہوجائے گا۔ بی آر ایس پارٹی سے قائدین دوری اختیار کر رہے ہیں اور لوک سبھا چناؤ کے بعد بی آر ایس کی دکان بند ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں حصہ لینے کیلئے بی آر ایس قائدین تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں بی آر ایس امیدواروں کی ضمانت بھی نہ یں بچے گی۔ کرشنا راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس سے مقابلہ کیلئے بی آر ایس نے بی جے پی کے ساتھ مفاہمت کرلی ہے ۔ مجالس مقامی کے اداروں نے خود بی آر ایس ارکان اپنی پارٹی کے صدورنشین کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر رہے ہیں۔ لوک سبھا چناؤ کے بعد بی ار ایس صرف خاندان تک محسوس ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت کی بے قاعدگیوں کی جانچ کی جائے گی۔ 1