لوک سبھا کی 8 نشستوں پر شکست کی وجوہات کا پتہ چلانے کورین کمیٹی سرگرم

   

امیدواروں اور انچارجس سے ملاقات، ارکان اسمبلی سے آج مشاورت، گاندھی بھون میں سرگرمیاں تیز
حیدرآباد ۔ 11۔ جولائی (سیاست نیوز) لوک سبھا چناؤ میں تلنگانہ میں کانگریس کے کمزور مظاہرہ کا جائزہ لینے کیلئے ہائی کمان کی جانب سے تشکیل دی گئی سہ رکنی کمیٹی نے آج سے اپنی کارکردگی کا آغاز کردیا ۔ راجیہ سبھا کے سابق ڈپٹی چیرمین پی جے کورین کی قیادت میں آسام کے رکن پارلیمنٹ رقیب الحسین اور پرگت سنگھ نے گاندھی بھون میں لوک سبھا کے امیدواروں اور حلقہ جات کے انچارجس کے ساتھ انفرادی طورپر ملاقاتوں کا آغاز کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تین رکنی کمیٹی تین دن تک حیدرآباد میں قیام کرے گی اور مختلف سطح کے قائدین سے انتخابی نتائج کے بارے میں تفصیلات حاصل کرے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پی جے کورین نے 8 لوک سبھا حلقہ جات میں کانگریس کی شکست کی وجوہات پر امیدواروں سے سوالات کئے ۔ کانگریس نے 17 کے منجملہ 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا تھا لیکن محض 8 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔ بی جے پی کو 8 نشستوں پر کامیابی کی وجوہات کے بارے میں بھی پی جے کورین کمیٹی قائدین سے بات چیت کر رہی ہے ۔ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے شکست خوردہ کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر نے آج کمیٹی سے ملاقات کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا۔ انہوں نے شکست کی وجوہات کے علاوہ اسمبلی حلقہ جات کے قائدین کے عدم تعاون کی بھی شکایت کی ۔ بتایا جاتاہے کہ ڈی ناگیندر نے ہائی کمان کو روانہ کردہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے پی جے کورین سے کہا کہ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ میں کانگریس کے تنظیمی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کے شکست خوردہ امیدوار سمیر ولی اللہ نے بھی کورین کمیٹی سے ملاقات کی ۔ چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے ہاتھوں شکست خوردہ رنجیت ریڈی نے بی جے پی لہر کو کانگریس کی شکست کی اہم وجہ قرار دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پی جے کورین اور کمیٹی کے ارکان ملکاجگری ، چیوڑلہ ، محبوب نگر ، سکندرآباد ، نظام آباد اور میدک لوک سبھا حلقوں میں شکست کی وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملکاجگری حلقہ سے گزشتہ میعاد میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اس مرتبہ بی جے پی نے حلقہ پر قبضہ کیا ۔ اسی طرح چیف منسٹر کے آبائی ضلع محبوب نگر کی لوک سبھا نشست بھی بی جے پی کے حصہ میں آئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پی جے کورین حیدرآباد میں قیام کے دوران لوک سبھا امیدواروں اور انچارجس کے علاوہ ارکان اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔ ارکان اسمبلی سے ان کے حلقہ جات میں کانگریس کے ووٹ فیصد میں کمی کی وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی بھی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کریں گے ۔ پی جے کورین کمیٹی کی آج صبح گاندھی بھون آمد کے بعد پارٹی ہیڈکوارٹر میں غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ ورنگل سے منتخب سابق وزیر کڈیم سری ہری کی دختر کاویا نے کورین کمیٹی کو اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کے مظاہرہ کے بارے میں رپورٹ پیش کی ہے۔ پی جے کورین اسمبلی حلقہ جات کی نشاندہی کرتے ہوئے ہائی کمان کو اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے بھی پی جے کورین سے ملاقات کی۔ 1