لڑکوں اور لڑکیوں کو مساوی حقوق کی فراہمی ضروری،اردو یونیورسٹی میں ڈاکٹر اسلم پرویز ، محترمہ جمیلہ نشاط کی مخاطبت

   

حیدرآباد،29 ؍ مارچ (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں شعبۂ سوشل ورک اور شاہین ویمنس ریسورس اینڈ ویلفیئر اسوسی ایشن، حیدرآباد کے زیر اہتمام صنفی بیداری سے متعلق ایک روزہ یوتھ میلہ کا اہتمام کیا گیا۔ اسکول برائے فنون و سماجی علوم کے سبزہ زار پر منعقدہ اس میلے میں مختلف نوعیت کے صنفی مسائل اور صنف اساس کے کھیلوں، قانون کے اسٹالس قائم کیے گئے تھے ۔ اس کا افتتاح ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج میں صنفی امتیاز سرایت کرگیا ہے اس کا تدارک ضروری ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نوجوان اچھی اقدار کو اپناتے ہوئے سماج میں بہتر تبدیلی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سماج میں موجود برائیاں جیسے چھیڑ چھاڑ، خواتین کے خلاف زیادتی، جہیز وغیرہ کے تدارک کے لیے آگے آئیں۔ انہوں نے نوجوان طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی شادی میں جہیز نہ لینے پر مصر ہوجائیں اور اگر ضرورت پڑے تو اپنے والدین کی بھی مخالفت کریں۔ کیونکہ غلط ہونے پر حضرت ابراہیمؑ نے بھی اپنے والد کی مخالفت کی۔ انہوں نے یوتھ میلے کے انعقاد پر شعبۂ سوشل ورک اور شاہین اسوسی ایشن کی کاوشوں کی ستائش کی۔ محترمہ جمیلہ نشاط، ڈائرکٹر شاہین آرگنائزیشن نے مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کا تعارف کرایا۔ پروفیسر محمد شاہد رضا، صدر شعبہ نے کہا کہ سماج میں مساوات اور انصاف کو یقینی بنانا پیشہ ور سوشل ورکرس کو ایک چیلنج کی طرح لینا ہے۔ سوشل ورک کے طلبہ نے اس پروگرام میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں اور طلبہ میں تشہیر کی۔