کئی اعلانات پر عمل ندارد، کسانوں سے بھی ناانصافی ، ایم ایل سی کویتا کا الزام
نظام آباد: 2؍ جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے آج حیدرآباد میں ضلع کے قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کیا بالخصوص بودھن کے قائدین بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ سابق رکن اسمبلی شکیل عامر کی اہلیہ عائشہ فاطمہ ، سابق رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا کے علاوہ دیگر قائدین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کے کویتا نے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے سے قبل کئی اعلانات کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا لیکن ان اعلانات پر عمل نہیں کیا جارہا ہے کسانوں کو رعیتو بھروسہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب رعیتو بھروسہ کی فراہمی کیلئے شرائط عائد کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو وقت کی روٹی فراہم کرنے والے کسانوں کو رعیتو بھروسہ دینے کا حکومت کا اعلان سراسر غلط ہے ۔ بغیر کسی شرائط کے کسانوں کو رعیتو بھروسہ دینے کا مطالبہ کیا ۔ پرجا پالانا کے نام پر درخواستیں حاصل کی گئی تھی لیکن دوبارہ کسانوں سے کاشت کی جارہی ہے یا نہیں اس بارے میں درخواستیں حاصل کرنا سراسر غلط ہے ۔ کسان رعیتو بھروسہ کیلئے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں ۔ کے کویتا نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی خواتین کو 2500 روپئے دینے کا اعلان کیا تھا اور 18 سال مکمل کرنے والی لڑکی کو اسکوٹی ، کلیانہ لکشمی ، شادی مبارک کے تحت ایک تولہ سونا اور دیگر کئی اعلانات کیا تھا ۔ اور ان اعلانات پر ابھی تک عمل نہیں کیا گیا لہذا بی آرایس کارکن حکومت کی ناکامیوں کو لیکر عوام کے درمیان پہنچ کر حقیقت کو واضح کریں ۔ مقامی ادارہ جات کے انتخابات کے پیش نظر بی آر ایس قائدین سے تیاریاں کرنے کی خواہش کی۔