جہاں چاہ ۔ وہاں راہ
لڑکی نے یوٹیوب پر کلاس دیکھ کر ایم بی بی ایس نشست حاصل کی
حیدرآباد 7 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) کہتے ہیں جہاں چاہ ہوتی ہے وہیں راہ بھی ہوتی ہے ۔ محنت ‘ جستجو اور لگن کے ذریعہ نا ممکن کو بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔ اسی طرح کی ایک مثال میں نظام آباد سے تعلق رکھنے والی ایک غریب خاندان کی لڑکی نے محض یوٹیوب پر ویڈیو کلاسیز دیکھ کر نیٹ کی کوچنگ مکمل کی اور اس نے ایم بی بی ایس میں نشست حاصل کرلی ۔ ضلع نظام آباد کے ننداواڑہ سے تعلق رکھنے والی ہریکا کے والد شیوکمار کا اس کے بچپن ہی میں انتقال ہوگیا تھا ۔ ماں انورادھا ایک بیڑی ورکر ہے اور اسی سے اپنے خاندان کی کفالت کرتی ہے ۔ ہریکا نے دسویں جماعت اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں اچھے نمبرات حاصل کئے تھے ۔ وہ ڈاکٹر بننا چاہتی تھی لیکن نیٹ کی کوچنگ کیلئے وہ اخراجات پورے نہیں کرسکتی تھی ۔ تاہم اس نے اپنی جستجو اور لگن نہیں چھوڑی ۔ اس نے روزآنہ یوٹیوب پر ویڈیو کلاسیز دیکھے اور امتحان کی تیاری کرتی رہی ۔ اس سال نیٹ کے امتحان میں آل انڈیا سطح پر اس نے 40 ہزار رینک حاصل کیا جبکہ ریاستی سطح پر اس کا رینک 700 تھا ۔ ہریکا نے ایم بی بی ایس کی نشست تو پالی لیکن اس کی مشکلات اب بھی ختم نہیں ہوئی ہیں۔ وہ ایم بی بی ایس کی پڑھائی کیلئے کالج فیس ‘ ہاسٹل فیس اور کتابوں کے اخراجات کی پابجائی کیلئے بھی پریشان ہے ۔ یہ اخراجات ادا کرنے بھی اس کے بس کی بات نہیں ہے ۔ عطیہ دہندگان سے اس نے تعلیم کیلئے مدد کی اپیل بھی کی ہے ۔