بروقت مرچ پاوڈر چھڑک کر پولیس کی طلبی و گرفتاری
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں ایک لڑکی کی بہادری نے چور کی چوری کو ناکام بنادیا ۔ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیوتی نامی لڑکی نے نہ صرف اپنے مکان میں چوری کی کوشش کو ناکام بنایا بلکہ چور کو پولیس کے ہاتھوں گرفتار کروایا ۔ یہ واقعہ کمرم بھیم آصف آباد ضلع میں پیش آیا۔ آصف آباد ماروتی نگر کا ساکن شخص وشواناتھم اپنے مکان میں روزانہ کے معمول کی طرح بیوی ایشوراماں اور بیٹی جیوتی کے ساتھ رات کا کھانا کھا رہا تھا ۔ رات تقریبا 8 بجے ایک چور ان کے مکان میں داخل ہوا چور کو دیکھنے کے بعد میاں بیوی نے اس کو روکنے کی کوشش کی لیکن چور نے ان کی بیٹی کو پکڑ لیا اور فلمی انداز میں میاں بیوی کو دھمکی دے رہا تھا کہ اگر وہ کوئی حرکت کرتے ہیں تو ان کی بیٹی کو جان سے ماردیا جائے گا ۔ چور جو ہندی زبان میں بات کررہا تھا ۔ میاں بیوی کو دھمکی دینے لگا اور ان کی بیٹی کو جکڑ لیا ۔ چور کی گرفت سے چھٹکارہ پانے کی کوشش کرتے ہوئے جیوتی نے میز پر موجود مرچ پاوڈر کا سہارا لیا اور دلیری کامظاہرہ کرتے ہوئے چور کی آنکھوں میں چھڑک دیا جس کے فوری بعد مقامی پولیس کو فون کیا گیا ۔ پولیس نے گشت پر موجود پولیس ملازمین کو آگاہ کردیا اور پولیس کی ٹیم وشواناتھم کے مکان پہونچ گئی اور چور کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت نندو کی حیثیت سے کر لی گئی ۔ جس کا تعلق ریاست اترپردیش سے بتایا گیا ہے ۔ یہاں اس بات کا ذکر بے جا نہ ہوگا کہ شمالی ہند کی مجرمانہ ٹولیاں اب شہری علاقوں کے علاوہ دیہی علاقوں میں عوام کو نشانہ بناتے ہوئے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے لگی ہیں۔۔ ع