نئی دہلی، 11 جون (یو این آئی) کانگریس نے مدھیہ پردیش سے پارٹی کے سینئر لیڈر لکشمن سنگھ کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے چھ سال کے لیے پارٹی سے نکال دیا ہے۔ کانگریس ڈسپلنری کمیٹی کے رکن طارق انور نے بدھ کے روز کہا کہ پارٹی مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے فوری طورسے چھ سال کے لیے مسٹر لکشمن سنگھ کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کردی ہے ۔ لکشمن سنگھ کچھ عرصے سے گاندھی خاندان کے خلاف متنازعہ بیانات دینے کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ پارٹی نے انہیں وجہ بتاؤ نوٹس دیا تھا لیکن پارٹی ان کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی، جس کے بعد انہیں چھ سال کے لیے پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ لکشمن سنگھ سابق ایم ایل اے اور سینئر کانگریس لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ کے بھائی ہیں۔ انہوں نے 2009 میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کا الیکشن لڑا تھا اور الیکشن ہارنے کے بعد وہ کانگریس میں شامل ہو گئے تھے ۔