لکھنو میں پرینکا گاندھی پر حملہ کی مذمت

   

خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، اتم کمار ریڈی اور کنتیا کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے لکھنو میں پولیس کی جانب سے پرینکا گاندھی پر حملہ اور مبینہ بدسلوکی کے واقعہ کی مذمت کی۔ انہوں نے اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر لکھنو میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو پولیس کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ خاتون پولیس عہدیداروں نے ان سے دست درازی کی جس کی سختی سے مذمت کی جاتی ہے۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ دونوں قائدین نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت گاندھی خاندان کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہی ہے ۔ حالیہ دنوں میں ایس پی جی سیکوریٹی کو ہٹالیا گیا اور عوامی تقاریب میں شرکت سے روکنا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملک بھر میں عوامی مقبولیت رکھنے والی پر ینکا گاندھی سے مہیلا پولیس کس طرح بدسلوکی کرسکتی ہے۔ انہوں نے اس معاملہ کی عدالتی تحقیقات اور خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔