چنڈی گڑھ : پنجاب کے وزیر زراعت رندیپ نابھا لکھنؤ میں لکھیم پور کھیری قتل معاملے میں مارے گئے چار کسانوں اور ایک صحافی کے لواحقین کو فی کس 50 لاکھ روپے معاوضہ کی رقم دیں گے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مسٹر نابھا یہ چیک پانچ خاندانوں کو دیں گے ۔ یہ چیک مقتول کسانوں دلجیت سنگھ ، گورویندر سنگھ ، لو پریت سنگھ ، نچھتر سنگھ ، صحافی رمن کشیپ کے خاندانوں کو دیئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ لکھیم پور کھیری واقعہ کے بعد جب پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ مرنے والے کسانوں کے خاندانوں کا درد بانٹنے گئے تھے تو انہوں نے اس معاوضے کا اعلان کیا تھا۔