ممبئی، یکم جولائی (یواین آئی) ہندوستان سے باہر ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے فلمی میلے انڈین فلم فیسٹیول آف ملبورن کے 17ویں ایڈیشن کا انعقاد 13 سے 23 اگست 2026 تک کیا جائے گا۔ اس سال فیسٹیول کا آغاز آسکر کے لیے نامزد فلم ’لگان‘ کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہونے والی خصوصی تقریب سے ہوگا، جس میں اداکار اور پروڈیوسر عامر خان شرکت کریں گے ۔ فیسٹیول کے منتظمین کے مطابق خصوصی کرٹن ریزر پروگرام 9 جولائی کو میلبورن کے معروف اے سی ایم آئی سنیما میں منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر فلم ’لگان‘ کی خصوصی نمائش کی جائے گی اور اسی کے ساتھ اس سال کے فیسٹیول کا باضابطہ آغاز بھی ہوگا۔ سال 2001 میں ریلیز ہونے والی ’لگان‘ بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کے زمرے میں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی ہندوستان کی دوسری فلم تھی۔ یہ فلم آج بھی ہندوستانی سنیما کی یادگار ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے ۔ ریاست وکٹوریہ کی حکومت کے تعاون سے منعقد ہونے والا انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن گزشتہ برسوں میں ہندوستانی سنیما کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک معتبر پلیٹ فارم بن چکا ہے ۔ اس میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، اے آر رحمان، ایشوریہ رائے بچن، رانی مکھرجی، رام چرن، وجے سیتھوپتی، وکی کوشل، وجے ورما، کبیر خان اور دیگر فلم ساز بھی شرکت کر چکے ہیں۔