لہراتی بل کھاتی دل پتی بیل

   

دل پتی یا Philodendron ایک مقبول گھریلو بیل ہے جسے اگانا اور اس کی دیکھ بھال کرنا بہت آسان ہے۔یہی وجہ ہے کہ اسے Sweetheart Plant کہا جاتا ہے۔اس بیل کی جتنی تراش خراش کی جائے یہ اتنی ہی بڑھتی اور پھلتی پھولتی ہے۔برعکس اس کے یہ ایک ہی تنے کی شکل میں بڑھنا شروع کر دیتی ہے۔اس کے پتوں کو گرہ کے اوپر کاٹا جائے تو ہم دیکھتے ہیں کہ تنے کے اسی حصے پر ایک دوسری شاخ نکلنا شروع ہو گئی ہے۔ اس بیل کو آپ باسکٹ کے گملے میں رکھ کر بالکونی یا کسی بانس پر بھی چڑھا سکتے ہیں۔یہ خوبصورتی سے بل کھاتے ہوئے بڑھتی چلی جاتی ہے۔کم دیکھ بھال میں بھی یہ پودا برسوں تک بڑھتا رہتا ہے۔اس سدا بہار پودے کو 2 سے 3 برس بعد دوسرے گملے میں لگایا جا سکتا ہے۔گملا بدلنے کیلئے موسم بہار یا گرما کا ہونا ضروری ہے اس کے کنٹینر یا گملے کی سطح میں بہت سے سوراخ ہونے سے اضافی پانی کی نکاسی آرام سے ہو جائے گی اور جڑیں بھی خراب نہیں ہوں گی۔ دل پتی بیل چار فٹ یا اس سے زیادہ بڑھتی ہے۔اسے معتدل روشنی کی ضرورت ہوتی ہے اور براہ راست سورج کی روشنی اسے جھلسا دیتی ہے ،تاہم یہ کم روشنی میں بھی پھیلتا ہے۔بہار سے موسم سرما تک اس کی مٹی کو ہلکی نمی کی ضرورت ہوتی ہے۔ موسم سرما میں جب تک اس کی سطح خشک نہ ہو جائے اسے پانی نہیں دینا چاہئے۔اس کے پیلے پتے اس بات کی علامت ہیں کہ اسے بہت زیادہ پانی دیا جاتا ہے جبکہ براؤن پتے اس بات کی علامت ہوتے ہیں کہ انہیں بہت کم پانی دیا جارہا ہے۔ اس لئے اگر اسے روزانہ تھوڑا تھوڑا پانی دیا جائے تو بہتر ہے۔یہ بیل خشک موسم کو بھی برداشت کر لیتی ہے تاہم اسے نمی بہت بھاتی ہے چنانچہ اس کیلئے کمرے کا اوسط درجہ حرارت بھی کافی ہے۔ پودے کو نرم مٹی اور کھاد کی ضرورت ہوتی ہے،اس بیل کی بہت ساری اقسام ہیں لیکن انہیں شیپ دینے کیلئے وقفے وقفے سے کٹائی کی ضرورت ہوتی ہے۔اس کی جڑیں بہت چھوٹی ہوتی ہیں اس لئے یہ آسانی سے دیوار پر چڑھ جاتی ہے۔ اس بیل سے آپ اپنی خواہش کی مطابق زیادہ سے زیادہ بیلیں اگا سکتی ہیں۔آپ اس کی ایک لمبی سی بیل نوڈ کے اوپر سے کاٹ کر اسے پانی کی بوتل یا مٹی میں لگا دیں اور یہ آسانی سے بڑھنا شروع ہو جائے گی۔