حیدرآباد17مئی (یواین آئی)دس سنٹرل ٹریڈ یونینیں،مرکز کی جانب سے لیبر قوانین میں ظالمانہ تبدیلی کی کوششوں کے خلاف 22مئی کو ملک گیر سطح پر احتجاج کریں گی۔سی ٹی یوایس،آئی این ٹی یوسی،اے آئی ٹی یوسی،ایچ ایم ایس،سی آئی ٹی یو،اے آئی یوٹی یوسی،ٹی یوسی سی،سیوا،اے آئی سی سی ٹی یو،ایل پی ایف،یو ٹی یوسی تنظیموں نے 14مئی کو اجلاس منعقد کرتے ہوئے لاک ڈاون کے دوران ملک میں مزدور طبقہ کی مشکل صورتحال کا نوٹ لیا اور چیلنج سے نمٹنے کے لئے متحدہ اقدام کا فیصلہ کیا۔آل انڈیا بینک ایمپلائز ایسوسی ایشن (اے آئی بی ای اے )کے جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹ چلم نے سی ٹی یوز کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے یونینوں اور اراکین کو جاری کردہ سرکلر میں یہ بات بتائی۔اس سرکلر میں کہاگیا کہ کوویڈ19کا سہارالیتے ہوئے ہر دن حکومت،مزدورطبقہ اور عام آدمی پر حملہ کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی بہانہ تلاش کررہی ہے جو ملک میں لاک ڈاون کے درمیان کافی مایوس اور مصائب کا شکار ہیں۔مسٹروینکٹ چلم نے کہاکہ ٹریڈ یونینوں نے آزادانہ اور متحدہ طورپر وزیراعظم مودی اور وزیرلیبر سنتوش کمار گنگوار کو بیشتر نمائندگیاں کی ہیں اور لاک ڈاون کے دوران مزدوروں کو مکمل تنخواہوں کی ادائیگی اور ملازمین کو برطرف نہ کرنے کے خود کے احکامات کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی جولا حاصل رہیں۔