لیبیا کے مسلح گروپوں میں جھڑپیں،16ہلاک

   

طرابلس : لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں دو مسلح گروپوں کے مابین ہونے والی متعدد جھڑپوں میں کم ازکم 16 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہو گئے۔اے ایف پی نیوز ایجنسی کے حوالے سے لیبیا کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ دارالحکومت طرابلس کو نشانہ بنانے کے لیے سیاسی طور پر جاری یہ تازہ ترین تشدد ہے۔وزارت صحت کی ایمبولینس سروس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعرات کی شام سے شروع ہونے والی جھڑپیں جمعہ کی دوپہر تک جاری رہیں۔ ان جھڑپوں کے نتیجے میں 13ہلاکتوں کی خبر آئی تھی جس میں تین عام شہری بھی شامل تھے۔ بعدازاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 16 بتائی گئی۔واضح رہے کہ جھڑپیں جنگ زدہ لیبیا کے مغرب میں بڑی طاقت رکھنے والے دو مسلح گروپوں الردع فورس اور طرابلس کی انقلابی بریگیڈ کے درمیان ہوئی تھیں۔دیگر ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان جھڑپوں کا آغاز ایک مسلح گروپ کی طرف سے دوسرے گروپ کے جنگجو کو حراست میں لینے سے ہوا جو بعدازاں دارالحکومت کے قریب کئی اضلاع تک پھیل گئیں۔اے ایف پی کے ایک فوٹوگرافر نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شدید فائرنگ سے قبل طرابلس میں ٹرپل فور بریگیڈ نامی ایک گروپ نے جمعہ کو جنگ بندی کی ثالثی کے لیے مداخلت کی اور بفر زون میں اپنی فوج تعینات کر دی۔