نئی دہلی: سپریم کورٹ کے حکم کے بعد دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے میئر کے انتخاب کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ دہلی میں میئر کا انتخاب 22 فروری کو ہوگا۔ بتا دیں کہ اس سے قبل جمعہ کو سپریم کورٹ سے عام آدمی پارٹی (آپ) کو بڑی راحت ملی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے نامزد کردہ 10 کونسلرز (الڈرمین) میئر کے انتخاب میں ووٹ نہیں دیں گے۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ہم ایم سی ڈی اور ایل جی کی اس دلیل کو قبول نہیں کر رہے ہیں کہ نامزد کونسلر پہلی میٹنگ میں ووٹ دے سکتے ہیں۔ میئر کے انتخاب کے لیے پہلی میٹنگ کا 24 گھنٹے میں نوٹس جاری کیا جائے۔ نوٹس میں میئر اور دیگر انتخابات کی تاریخ درج کی جائے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے میئر کے انتخاب پر سپریم کورٹ کے حکم کو ‘جمہوریت کی جیت’ قرار دیا تھا۔ اس کے ساتھ، انہوں نے الزام لگایا کہ سپریم کورٹ کے حکم سے ثابت ہوتا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دونوں ہی ‘غیر قانونی اور غیر آئینی احکامات’ پاس کر رہے ہیں۔