حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاستی حکومت نے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں خدمات انجام دینے والی لیڈی کنڈکٹرس کے لیے ڈریس کوڈ کو قطعیت دی ہے اور اس ڈریس کوڈ کی روشنی میں بہت جلد آر ٹی سی بسوں میں لیڈی کنڈکٹرس چیری سرخ رنگ کے اپران میں ملبوس دکھائی دیں گی ۔ لیڈی کنڈکٹرس کے لیے نئے یونیفارم کے لیے رنگ کا انتخاب کرنے کا چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات دی تھیں اوران ہدایات کی روشنی میں ہی عہدیداروں نے فی الوقت اس نمونہ یعنی ’ چیری سرخ رنگ کے اپران ‘ کا انتخاب کیا ہے اور ہر خاتون بس کنڈکٹر کو دو اپرانس فراہم کئے جائیں گے اور بغیر ڈوری والے جوتے کی جوڑی بھی فراہم کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک خاتون عہدیدار سدھا کی قیادت میں چند خاتون بس کنڈکٹروں پر مشتمل قائم کردہ کمیٹی نے قانون بس کنڈکٹرس کے لیے ڈریس کوڈ کے تحت مذکورہ چیری سرخ رنگ کے اپران کا انتخاب کر کے منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر سنیل شرما کو اپنی رپورٹ پیش کی ہیں ۔ علاوہ ازیں چیری سرخ رنگ کے اپران کے لیے کپڑے کا انتخاب کرنے ریمنڈ شورومس سے عہدیداران متعلقہ رجوع ہو کر اس اپران کے لیے 8 ہزار میٹرس کپڑا درکار ہونے کا اظہار کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر چیری سرخ رنگ کا ریمنڈز شورومس میں کپڑا دستیاب نہ رہنے کی صورت میں کپڑے کے رنگ میں تبدیلی لانے کا بھی قوی امکان پایا جاتا ہے اور اس رنگ کے کپڑے کے بجائے متبادل کے طور پر نیلا رنگ کا انتخاب کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔۔