لیہہ تشدد کی مجسٹریل انکوائری کا حکم، رپورٹ چار ہفتے میں جمع کرائی جائے گی

   

سری نگر، 2 اکتوبر (یو این آئی) لداخ انتظامیہ نے ضلع لیہہ میں 24 ستمبر 2025 کو امن و امان کی سنگین صورتحال کی مجسٹریل انکوائری کا حکم دیا ہے جس کے نتیجے میں پولیس کارروائی کے دوران چار افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔لداخ انتظامیہ کی طرف سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق ضلع مجسٹریٹ، لیہہ، نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ مکل نوبرا کو تفتیشی افسر کے طور پر مقرر کیا ہے ۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ اس نکوائری کا مقصد ان حالات کا پتہ لگانا ہے جن کی وجہ سے امن و قانون کی صورتحال میں خلل پڑا نیز پولیس کے جواب کی نوعیت کا جائزہ لینا، اور اس بات کا تعین کرنا کہ اموات کیسے واقع ہوئیں۔ اس واقعے کے دوران اپنی جانیں گنوانے والے افراد کی شناخت جگمیت دورجے ولد یونٹن چوسپل ساکن کھرنگ، رنچن دادول ولد زیرنگ مورپ ساکن ہنو،سٹینزین نمگیال ولد نوانگ زوتپا ساکن ایگو اور تسیوانگ تھرچن ولد سٹینزین نامیال ساکن سکوربوچن کے طور پر کی گئی ہے ۔ حکمنامے کے مطابق انکوائری کے سلسلے میں لوگوں کو کسی بھی متعلقہ معلومات کے ساتھ آگے آنے کی دعوت دی گئی ہے ۔ جو افراد زبانی یا تحریری بیانات فراہم کرنے کے خواہاں ہیں، یا فوٹوگرافس یا ویڈیو ریکارڈنگز جیسے مواد کا اشتراک کرنا چاہتے ہیں، وہ ڈی سی آفس کانفرنس ہال لیہہ میں تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں اور انکوائری سیشنز 4 اکتوبر سے 18 اکتوبر 2025 تک، صبح 10:00 بجے سے شام 5:00 بجے کے درمیان ہوں گے ۔