دفتر کلکٹر کے عملہ کا معائنہ ، سرکاری دفاتر میں وائرس سے عہدیدار تشویش کا شکار
حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادمسٹر بی رام موہن کے بعد اب ضلع کلکٹر سدی پیٹ مسٹر وینکٹ رام ریڈی نے گھریلو قرنطینہ میں جانے کا فیصلہ کیا ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی درخواستیں ضلع کلکٹر کے دفتر میں نصب کئے گئے درخواستوں کی وصولی کے باکس میں ڈال دیں ان کی درخواستوں کی 30تا45یوم میں یکسوئی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دفتر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی توثیق کے بعد مئیر جی ایچ ایم سی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جبکہ ضلع کلکٹر سدی پیٹ نے گذشتہ دنوں اجازت ناموں کے لئے ان سے ملاقات کرنے والے وفد اور اجلاس میں شرکت کرنے والے بعض عہدیداروں کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد خود کو گھرمیں ہی قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں شرکت کرنے والے عہدیدار کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد انہیں شہر حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے انہیں دواخانہ میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور ان کا علاج کیا جا رہاہے ۔مسٹر وینکٹ رام ریڈی جو کہ مذکورہ مصدقہ مریض کے ساتھ اجلاس میں موجود تھے نے کسی بھی طرح کی علامت کے بغیر خود کو قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان کیا ہے اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق ضلع کلکٹرسدی پیٹ کے علاوہ ان کے دفتر میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کے اندرون دو یوم معائنوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔سرکاری دفاتر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی آمد اور عہدیداروں کو ہونے والے مسائل سرکاری ملازمین کیلئے تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔
