گرفتار شدہ سارق بھی سڑک حادثہ میں فوت،خاتون سب انسپکٹر زخمی
حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) مائیلار دیو پلی پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس کانسٹبل کی موت پر سائبرآباد کمشنر وی سی سجنار نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ تلسی رام نامی پولیس کانسٹبل ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا جو مدھیہ پردیش کے ڈنڈورا علاقہ میں پیش آیا۔ اس حادثہ میں مائیلار دیوپلی پولیس اسٹیشن سے وابستہ دیگر ارکان بھی زخمی بتائے گئے ہیں۔ ریاست بہار کے دربھنگہ علاقہ میں تحقیقات کے لئے مائیلار دیوپلی پولیس کی ایک ٹیم گئی تھی جس میں سب انسپکٹر ایک خاتون کانسٹبل اور تلسی رام موجود تھا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس ٹیم کے ہمراہ سارق بھی موجود تھا جو حادثہ میں کانسٹبل کے ساتھ فوت ہوگیا۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوپائی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تلسی رام سال 2018 بیاچ کا کانسٹبل ہے جو دھارور ضلع رنگاریڈی سے تعلق رکھتا ہے۔ امکان ہے کہ کل مہلوک کانسٹبل کی نعش کو حیدرآباد منتقل کیا جائے گا۔
