نئی دہلی ۔ کانگریس نے اعلان کیا ہیکہ ملک بھر کے مختلف مقامات پر لاک ڈاؤن کے سبب پھنسے ہوئے ضرورتمند مزدور و محنت کشوں کی اپنی آبائی ریاست کو واپسی کیلئے ہونے والے سفر کے مصارف وہ (کانگریس) برداشت کرے گی۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے ایک بیان میں اپنی پارٹی کے فیصلے کا اعلان کیا اور کہاکہ مزدور جو ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت کے حامل ہیں، ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور اگر ان کی اس گھڑی میں ان (مزدوروں و محنت کشوں) کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے رہتے ہوئے پوری انکساری کے ساتھ یہ تعاون کرے گی۔ کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے مزدوروں کی واپسی کے سفر پرریلوے کی طرف سے مکمل کرایہ وصول کیا جارہا ہے۔
دوسری طرف وزارت ریلوے کی طرف سے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں 15 کروڑ روپئے کا عطیہ بھی دیا جارہا ہے۔ ’اس معمہ کو حل کرنے اور یہ پہیلی سلجھانے کی ضرورت ہے‘۔ اے آئی سی سی کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا اور جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے اس فیصلہ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی ریاستی یونٹس ان مائیگرینٹ ورکرس کے ٹرین سفر کے خرچ کے طور پر ریاستی چیف سکریٹریز کو رقم ادا کریں گے۔ سفر کرنے والے مزدوروں کا کوئی رجسٹریشن نہیں کیا جائے گا کیونکہ اس سے مزیدالجھن ہوگی۔ ان دونوں قائدین نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ ’’جھوٹا بھرم‘‘ ترک کرتے ہوئے گھر واپسی کے خواہشمند مائیگرینٹ ورکرس کے سفر کے مصارف کی ادائیگی کیلئے آگے آئیں۔ کانگریس اس فیصلے پر اس وقت پہنچی جب ایسے کئی مزدور و محنت کشوں کے پاس اپنے گھر واپسی کا ریلوے کرایہ ادا کرنے کیلئے رقم نہیں تھی۔
اس دوران بی جے پی نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ اس مسئلہ پر سیاست کررہی ہے اور دعویٰ کیا کہ مرکز اور ریاستی حکومتیں ایسے مزدوروں اور محنت کشوں کے ٹرین کرایہ کی قیمت برداشت کررہی ہیں۔ علاوہ ازیں مائیگرینٹ ورکرس کے ٹکٹوں کیلئے کوئی رقم وصول نہیںکی جارہی ہے لیکن کے سی وینو گوپال نے ایک سرکاری گشتی ٹوئیٹر پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا ہیکہ مائیگرینٹ ورکرس سے وصولی کے بھی ریاستی حکومتیں ریلوے کو کرایہ کی قیمتیں ادا کریں گی۔ سرجے والا نے بعد مرکزی حکومت کے ریمارکس کو منفی قرار دیا اور کہا کہ یہ سیاسی کھلواڑ کا وقت نہیں ہے۔ سونیا گاندھی نے مرکزی حکومت اور انڈین ریلویز پر الزام عائد کیا کہ مائیگرینٹ ورکرس اور مزدوروں کی ان کے گھروں کو واپسی کیلئے محفوظ اور مفت سفر کو یقینی بنانے کانگریس مطالبہ کو نظرانداز کرچکی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’کانگریس کی صدر کی طرف سے کی گئی ہدایت کے مطابق بحیثیت اے آئی سی سی خازن میں تمام کانگریس پردیش کانگریس کمیٹیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مائیگرینٹ ورکرس کے گھروں کو واپسی کیلئے ٹکٹوں کی خریدی میں مقامی وسائل کو ممکنہ حد تک بروئے کار لائیں۔ احمد پٹیل نے کہا کہ ’اس کام کو ایک عوامی تحریک بنائیں اور اگر آپ کو مدد کی ضرورت ہو تو اے آئی سی سی سے رابطہ کریں‘۔