’مائی لارڈ میرا موکل غریب ہے‘

   

وکیل کے استدلال پر سپریم کورٹ جج نے مسکرادیا
نئی دہلی، 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اوپن کورٹ روم میں وکلاء اور ججوں کے مابین کھٹی، میٹھی نوک جھونک سے ساتھی وکلاء اور صحافی ان دنوں محروم ہو رہے ہوں لیکن ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہونے والی سماعتوں میں نوک جھونک کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے۔ جمعہ کو اس وقت سپریم کورٹ میں جسٹس ارون مشرا کے لبوں پر مسکراہٹ کھیلنے لگی جب سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی نے کہا، ‘مائی لارڈ، میرا موکل غریب ہے ’۔ سابق اٹارنی جنرل اور ملک کے مہنگے وکلاء میں سے شامل مکل روہتگی نے تحویل اراضی معاملے کی سماعت کے دوران اپنے موکل کو فائدہ دلوانے کے لیے جب کہا کہ ان کا موکل کافی غریب ہے تو بینچ کی صدارت کرنے والے جسٹس ارون مشرا مسکرائے بغیر نہ رہ سکے ۔ ان کے ہونٹوں پر مسکان دیکھ کر مسٹر روہتگی نے خود کو سنبھالا اور پھر کہا،‘ مائی لارڈ اب میں غریبوں کے مقدمے کی بھی پیروی کرنے لگا ہوں۔ اب قانونی برادری بدل گئی ہے ۔ ہم غریبوں کا کیس بھی لڑتے ہیں’۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر روہتگی ملک کے سب سے مہنگے وکلاء میں سے ہیں اور انہوں نے جب دلیل میں کہا کہ ان کا موکل غریب ہے تو ایسی صورتحال بن گئی کہ جسٹس مشرا مسکرانے لگے ۔