پرائمری سے اعلیٰ تعلیم مادری زبان میں حاصل کی جائے، ہندوستانی زبانوں میں ادبی اور ثقافتی ورثے کی منتقلی کا مشورہ
حیدرآباد۔/12 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ہندوستان کے ادبی اور ثقافتی ورثے کو مختلف ہندوستانی زبانوں میں ترجمہ کرنے کیلئے خصوصی توجہ پر زور دیا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی زبانوں کے بارے میں ریسرچ کے علاوہ ان زبانوں میں سائینسی اور تکنیکی اصطلاحات کا متبادل فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ نائب صدر جمہوریہ نے پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کی فاؤنڈیشن ڈے تقاریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے منعقدہ ایک بھارت سریشٹ بھارت کے عنوان سے نمائش کا افتتاح کیا۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ عوام کو اپنی مادری زبان میں بات چیت کرنے پر فخر کرنا چاہیئے۔ مادری زبان کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ مادری زبان ہر شخص کی علحدہ اور منفرد شناخت میں اہم رول ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تہذیبی و ثقافتی ورثے کو مختلف زبانوں میں ترجمہ کرتے ہوئے نئی نسل تک منتقل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبان کے ذریعہ ہم ورثے کو بہتر انداز میں پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے تلگو یونیورسٹی کی جانب سے ترجمہ کے کام کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر یونیورسٹیز کو بھی اس طرح کے کام انجام دینے چاہیئے۔ انہوں نے یونیورسٹی کی جانب سے تلگو زبان، تہذیب اور تاریخ کے تحفظ کے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے قیام پر آنجہانی این ٹی راما راؤ کو خراج پیش کیا۔ وینکیا نائیڈو نے تلگو زبان اور تہذیب کے تحفظ کے سلسلہ میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو ہندوستانی تہذیب اور روایات سے مربوط رکھنے کی ضرورت ہے۔ مادری زبان نہ صرف انسان کی شناخت بلکہ اس میں خود اعتمادی پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2002 کا مقصد ہندوستانی زبانوں کی ترقی و فروغ ہے۔ پرائمری ایجوکیشن کو مادری زبان میں رائج کرنے کیلئے یہ پالیسی تیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم اور ٹکنیکل کورسیس میں بھی مادری زبان میں تعلیم کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے یونیورسٹیز پر زور دیا کہ وہ زبانوں کے بارے میں مزید تحقیق کا کام کریں اور سائینسی و تکنیکی اصطلاحات کو ہندوستانی زبانوں میں تیار کریں۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے ڈاکٹر کے وٹھل اچاریہ اور کلا کرشنا کو تہنیت پیش کی جو علی الترتیب شاعر اور کچی پوڈی ڈانسر ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے ایک بھارت سریشٹ بھارت نمائش کا افتتاح انجام دیا اور ہندوستانی زبانوں میں موجود کتابوں کا مشاہدہ کیا۔ وزیٹرس بُک میں انہوں نے مختلف تہذیبوں کے بارے میں کتابوں کی فراہمی پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی، نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار، وائس چانسلر تلگو یونیورسٹی ٹی کرشنا موہن، رجسٹرار بی رمیش کے علاوہ دیگر معززین موجود تھے۔ر