مارواڑمسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کا تیار کردہ نصابِ دینیات اتحاد امت کی بہترین مثال: پروفیسر اخترالواسع

,

   

جودھپور، ۲/مارچ: مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے زیر اہتمام چلنے والے تمام بوائز اور گرلس اسکولوں میں مسلمان بچے بچیوں کے لیے دنیوی تعلیم کے ساتھ دینی

تعلیم بھی نصاب میں شامل ہے۔ 2019-20میں تیسری سے آٹھویں جماعت کے طلبہ و طالبات کا دینی تعلیم کے موضوعات پر مقابلہ جاتی امتحان کا انعقاد ہوا جس میں طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور عام طور پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔

آج فیروز خان گرلس اسکول کیمپس میں بچوں کی کامیابی اور اساتذہ کی محنت کے اعتراف میں ان کو سرٹیفکٹ اور قرآن کریم کا ایک ایک نسخہ پیش کیا گیا۔

پروگرام کی صدارت مولانا آزاد یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور مشہور ماہر اسلامیات پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے کی۔

دیگر مہمانان میں سوسائٹی کے صدر محمد علی چندریگر، سابق جنرل سیکریٹری الحاج محمد عتیق، سابق ٹریزرار حاجی محمد اسحق،

سوسائٹی کے رکن حنیف لوہانی، بوائز اور گرلس کے اسکولوں کے پرنسپل انتخاب عالم، شمیم شیخ، عظیم الشان، فرزانہ چوہان اور سماجی کارکن عبدالرعاب چشتی شامل تھے۔

اس موقعہ پر پروفیسر اخترالواسع نے بچوں اور بچیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ انعام پانے والوں میں لڑکیوں کی غیر معمولی تعداد ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبوت ملنے کے بعد جب رسول اللہؐ غار حرا سے سوئے قوم آئے تھے تو اپنے ساتھ اقرأ کا حکم لے کر آئے تھے۔

اگر اس کے باوجود بھی مسلمان تعلیمی طور پر پسماندہ ہیں تو یہ انتہائی شرمندگی اور افسوس کی بات ہے۔

پروفیسر واسع نے کہا کہ مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کا تیار کردہ دینیات کا نصاب اس اعتبار سے پورے برصغیر میں منفرد ہے کہ اہل سنت والجماعت کے تمام مسالک اس کے موید ہیں اور سب نے اس کی تصدیق و توثیق کی ہے اور اس طرح یہ اتحاد امت کی بہترین مثال ہے۔

پروگرام میں ۵۳/طلبہ و طالبات اور ۵۲/مرد اور خواتین اساتذہ کا اعزاز کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت مولانا شاہد حسین ندوی نے کی۔