ماسٹر محمد عادل احمد کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپئے کی منظوری

   

ریونت ریڈی کی انسانی ہمدردی
سوشل میڈیا میں کے ٹی آر کے ٹوئٹ کے جواب میں منظوری کا مکتوب وائرل، مزید امداد کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہنمکنڈہ کے ساکن کمسن لڑکے محمد عادل احمد کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے منظور کئے ہیں۔ محمد وسیم احمد ساکن ہنمکنڈہ ٹاؤن کے فرزند محمد عادل احمد کا بسواتارکم انڈو امریکن کینسر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بنجارہ ہلز میں علاج جاری ہے۔ وزیر انڈومنٹ و جنگلات کونڈہ سریکھا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو 21 ڈسمبر 2023 ء کو مکتوب روانہ کرکے ماسٹر محمد عادل احمد کے علاج کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے امداد کی اپیل کی تھی۔ چیف منسٹر آفس نے 9 جنوری کو ڈائرکٹر بسواتارکم انڈو امریکن کینسر ہاسپٹل کو مکتوب روانہ کرکے ایک لاکھ روپئے کی منظوری سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر کے او ایس ڈی وی سرینواسلو نے یہ مکتوب روانہ کیا۔ سوشل میڈیا میں آج ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں بتایا گیاکہ کمسن لڑکا چیف منسٹر کے دورہ ورنگل کے موقع پر ملاقات کیلئے انتظار میں ہے۔ اُس کے ہاتھ میں ایک پلے کارڈ ہے جس پر مدد کی اپیل کی گئی ہے۔ بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے یہ تصویر ری ٹوئٹ کرکے لکھا کہ میری ٹیم بہت جلد اِس لڑکے کی مدد کرے گی۔ اِسی دوران تلنگانہ کانگریس نے وضاحت کرتے ہوئے چیف منسٹر کی جانب سے منظورہ مکتوب وائرل کیا جس میں ایک لاکھ روپئے کی منظوری کا تذکرہ ہے۔ کانگریس نے وضاحت کی کہ چیف منسٹر نے کمسن لڑکے کے علاج کیلئے ایک لاکھ روپئے کی منظوری دی ہے۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ یہ ایک کیس نہیں بلکہ تلنگانہ میں غریب مستحق خاندانوں کے علاج کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر آفس نے وضاحت کی کہ ورنگل میں کمسن لڑکے محمد عادل احمد کی چیف منسٹر سے عدم ملاقات کے باوجود چیف منسٹر نے مزید امداد فراہم کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر آفس کے او ایس ڈی سرینواسلو نے عادل کے افراد خاندان سے فون پر بات چیت کی اور عادل کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے مزید امداد جاری کرنے کا بھروسہ دلایا گیا۔1