ماسکو اور کیف جنگ بندی کیلئے جلد اقدامات کریں : ترکیہ

   

انقرہ ۔ 13 مئی (ایجنسیز) ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے روس اور یوکرین پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے لیے جلد از جلد اقدامات کریں۔ انہوں نے یہ بات رواں ہفتہ استنبول میں ہونے والی بات چیت سے قبل کہی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے انقرہ میں شام اور اردن کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہہم فریقین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جلد از جلد اکٹھے ہوں اور جنگ بندی کا آغاز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ایک مسئلہ ہے، جسے حل کرنے کی ضرورت ہے: یوکرین پہلے جنگ بندی چاہتا ہے اور پھر مذاکرات، جبکہ روس پہلے مذاکرات چاہتا ہے اور پھر جنگ بندی۔ لہٰذا صورتحال ڈیڈ لاک کا شکار ہو گئی ہے۔ تاہم انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ فریقین ”آئندہ دنوں میں سمجھوتے کے لیے اکٹھے ہوں گے۔ اختتام ہفتہ پر یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی اور فرانس، برطانیہ، جرمنی اور پولینڈ کے رہنماؤں نے روس پر زور دیا تھا کہ وہ براہ راست مذاکرات کے لیے پیشگی شرط کے طور پر پیر کے روز سے 30 روزہ غیر مشروط جنگ بندی کو قبول کرے۔