خلاف ورزی پر 4 لاکھ سے زائد مقدمات درج، ہائی کورٹ میں ڈی جی پی کی رپورٹ
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کی جانب سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کورونا قواعد کی خلاف ورزی اور خاص طور پر ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں سے بطور جرمانہ 31 کروڑ روپئے وصول کئے گئے ہیں ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ادویات اور دیگر اشیاء کی بلیک مارکیٹنگ کے خلاف 98 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ماسک کے عدم استعمال پر 339412 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سماجی دوری برقرار نہ رکھنے پر 22560 مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ہر ممکن قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ بلیک مارکیٹنگ کے خلاف دائر کردہ 98 مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں ۔ پولیس نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یکم مئی تا 14 مئی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 431823 مقدمات درج کئے گئے جن میں سے ماسک کے عدم استعمال پر بطور جرمانہ 31 کروڑ وصول کئے گئے ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ مجالس مقامی اور اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں الیکشن ڈیوٹی کے نتیجہ میں 500 ٹیچرس کورونا سے متاثر ہوئے ، ان میں سے 15 کی موت واقع ہوئی ہے۔ عدالت نے الیکشن ڈیوٹی پر کورونا سے متاثر ہونے والے ٹیچرس کو کووڈ واریئرس شمار کرنے کی ہدایت دی ۔ عدالت نے کہا کہ ٹیچرس کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جانی چاہئے ۔