مالے ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ مالدیپ اور لتھوانیا نے اتوار کے دن ہندوستان کو اس کے 71ویں یوم جمہوریہ تقریب کے سلسلہ میں مبارکباد پیش کی ۔ وزیر خارجہ مالدیپ عبداللہ شاہد نے ٹوئیٹر کے ذریعہ مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ دونوں ممالک کی باہمی دوستی کیلئے ایک شاندار موقع ہے اور اُمید ظاہر کی کہ دونوں ممالک خوشحالی کے راستہ پر پیشرفت کرتے رہیں گے ۔ ہندوستان کی حکومت اور عوام کو یوم جمہوریہ تقریب کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے لتھوانیا کے وزیر خارجہ نے اپنی مبارکباد کا پیغام ٹوئیٹر پر ہندی زبان میں شائع کیا ۔ وزیر خارجہ ہندوستان جئے شنکر نے دونوں قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ علحدہ پروگراموں میں دونوں وزرائے خارجہ نے گرم جوش مبارکباد پیش کی ہے ۔
انسانی حقوق کارکنوں کے قتل کی وارداتوں اور تاریخی
عمارتوں پر حملوں کے خلاف خواتین کا احتجاج
میکسیکو سٹی ۔ 26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) سینکڑوں خواتین نے پُرزور نعرے لگاتے ہوئے ہفتہ کے دن حکومت کے خلاف دارالحکومت کی سڑکوں پر احتجاجی مظاہرے کئے کیونکہ سماجی کارکنوں کی جو انسانی حقوق کارکن ہیں قتل کئے جارہے ہیں ۔ خواتین اس کے علاوہ تاریخی عمارتوں کو نشانہ بنانے پر بھی حکومت کے خلاف احتجاج کررہی تھیں ۔ سرکاری عہدیدار بے حس اور کام چور ہونے کا احتجاجی خواتین نے الزام عائد کیا ۔ وہ سرکاری عہدیداروں کی بے حسی اور بے عملی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئی تھیں ۔