مالی مجبوریاں خودکشیوں کی وجہ :کانگریس

   

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہیکہ ایک طرف مودی حکومت غربت کو ختم کرنے پر فخر کررہی ہے اور دوسری طرف سرکاری اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ معاشی بحران کی وجہ سے ملک میں بڑی تعداد میں لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ صرف 2022 میں ہی 7 ہزار سے زیادہ لوگوں نے مالی مجبوریوں کی وجہ سے خودکشی کی ہے ۔ ہر گھنٹے میں دو کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہیں اور ہر روز 40 نوجوان مایوسی سے خودکشی کرنے پر مجبور ہیں لیکن حکومت کا دعویٰ ہیکہ ملک میں سب کچھ ٹھیک ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج نیتی آیوگ یہ ثابت کرنے پر تلا ہوا ہیکہ حکومت نے ملک میں غربت کو ختم کر دیا ہے ، لیکن اسی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے غریب ترین 5 فیصد لوگ صرف 46 روپے یومیہ پر زندہ رہنے پر مجبور ہیں۔ نیتی آیوگ کا یہ سروے ملک کے امیر اور غریب کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو ثابت کر رہا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ نیتی آیوگ کی اس رپورٹ کے مطابق شہر کے سب سے امیر پانچ فیصد شہر کے غریب پانچ فیصد سے 10 گنا زیادہ خرچ کرتے ہیں، گاؤں کے سب سے امیر پانچ فیصد لوگ گاؤں کے پانچ فیصد سب سے غریب لوگوں سے آٹھ گنا زیادہ خرچ کرتے ہیں۔