الور : راجستھان کے الور شہر کے متھرا ٹریک پر الور سے ریواڑی جا رہی خالی مال گاڑی کے تین پہیے کل رات پٹری سے اتر گئے ۔ جس کی وجہ سے متھرا۔ الور ریلوے لائن پر چلنے والی ٹرینیں متاثر ہوئیں۔ جے پور کے اے ڈی آر ایم منیش گوئل نے بتایا کہ یہ واقعہ رات تقریباً 2.30 بجے پیش آیا۔ امدادی کارروائیاں جنگی بنیادوں پر کی گئیں۔ 6 ہائیڈرولک مشینوں، جے سی بی اور کرین کی مدد سے ٹریک کی مرمت کی گئی۔ اس میں تقریباً 250 ملازمین امدادی کاموں میں لگے ہوئے تھے اور صبح 10.30 بجے ٹریک کی مرمت کی گئی۔ اب ٹریک ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے بالکل ٹھیک ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ الور اسٹیشن پر الور سے متھرا اور متھرا سے الور جے پور جانے والی ٹرینوں کو سب سے پہلے نکالا گیا۔