مامنور ایرپورٹ کی تعمیر آئندہ ڈھائی سال میں مکمل ہوگی

   

ملک میں ایرپورٹس کی تعداد 150 سے زائد، وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے کہاکہ ورنگل کے مامنور ایرپورٹ کے تعمیری کام آئندہ ڈھائی برسوں میں مکمل کرلئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے مامنور ایرپورٹ کے قیام کی منظوری دے دی ہے اور اُنھیں اِس فیصلہ سے بیحد خوشی ہے۔ حیدرآباد میں مرکزی وزیر کشن ریڈی کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رام موہن نائیڈو نے کہاکہ مامنور ایرپورٹ کی منظوری عوام کی دیرینہ خواہش تھی۔ سابق میں یہ ایرپورٹ ایشیاء کے ایک بڑے ایرپورٹ کی حیثیت سے اپنی شناخت رکھتا تھا۔ 1981 ء تک وہاں سے پروازوں کا سلسلہ جاری رہا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں شہری ہوا بازی کی خدمات کو توسیع دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ایرپورٹس کے قیام اور اُن کی ترقی کے اقدامات کئے گئے۔ گزشتہ 10 برسوں میں ملک میں ایرپورٹس کی تعداد 69 سے بڑھ کر 150 ہوچکی ہے۔ چھوٹے شہروں میں بھی ایرپورٹس قائم کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چندرابابو نائیڈو نے اُنھیں تلگو ریاستوں کے عوام کی بھلائی کے لئے کام کرنے کی تلقین کی ہے۔ جس طرح میں آندھراپردیش کے لئے کام کروں گا اُسی جذبہ کے ساتھ تلنگانہ کی ترقی میرے پیش نظر رہے گی۔ 1