مانسون ‘ بارش و سیلاب سے جملہ 1900 اموات

   

نئی دہلی ۔ 4 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان بھر میں جاریہ سال مانسون سیزن میں بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں کم از کم 1900 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ مزید 46 افراد لاپتہ بھی بتائے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ سیلاب کے نتیجہ میں جملہ 22 ریاستوں میں 25 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ نے یہ بات بتائی ۔ سب سے زیادہ 382 اموات مہاراشٹرا میں ہوئی ہیں جبکہ 227 افراد مغربی بنگال میں بارش ‘ سیلاب اور زمین کھسکنے کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں۔ ملک بھر کے جملہ 357 اضلاع بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ عہدیداروں کے بموجب ان واقعات میں 738 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 20,000 مویشی بھی مارے گئے ہیں۔ شدید بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں 1.09 لاکھ مکانات کو نقصان پہونچا ہے ۔ 2.05 لاکھ مکانات کو جزوی نقصان ہوا ہے اور 14.14 لاکھ ہیکٹر اراضیات پر پھیلی ہوئی فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ جملہ1,874 افراد بارش سے متعلق واقعات اور سیلاب میں ہلاک ہوئے ہیں۔ حالانکہ ملک کے کچھ حصوں میں مانسون ہنوز سرگرم ہے تاہم سرکاری طور پر بارش کا موسم 30 ستمبر کو ہی ختم ہوچکا ہے ۔