مانسون نے کیرالا میں ایک ہفتہ تاخیر سے دستک دی

   

نئی دہلی: کیرالا میں مانسون نے دستک دے دی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کیرالا میں مانسون یکم جون کو معمول کی تاریخ سے 7 دن تاخیر سے آیا ہے۔ اب یہ اگلے تین چار دنوں میں کرناٹک اور تمل ناڈو تک پہنچنے کا امکان ہے۔ مانسون مہاراشٹرا اور گوا میں ایک ہفتے کے بعد دستک دے سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شمالی ہندوستان میں اس ماہ کے آخر میں مانسون دہلی تک پہنچنے کی امید ہے۔ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سینئر سائنسدان ڈاکٹر نریش کمار نے بتایا کہ کیرالا میں لگاتار دو دنوں سے شدید بارش ہو رہی ہے، مغربی ہوا کا زور بھی اچھا ہے۔ آج مانسون شمالی کیرالا کے علاقوں تک پہنچ گیا ہے۔ اس کے علاوہ مانسون تمل ناڈو اور خلیج بنگال کے کچھ حصوں میں بھی آ چکا ہے۔ یہ پڈوچیری تک بھی پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی ہندوستان کے کئی علاقوں میں بھی اگلے چند دنوں میں بھاری بارش متوقع ہے۔ ہمیں امید ہے کہ مانسون اگلے 48 گھنٹوں میں پورے کیرالا میں چھا جائے گا۔