جی ایچ ایم سی کا محکمہ آبرسانی سے اشتراک ، کمشنر بلدیہ کی زونل کمشنران کو ہدایت
حیدرآباد۔7جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں مانسون کی آمد سے قبل نالوں کی صفائی اور ڈرینیج کی صفائی کے عمل کو مکمل کرتے ہوئے پانی کے بہتر بہاؤ کے اقدامات کئے جائیں ۔ تلنگانہ میں مانسون کی آمد میں ہونے والی تاخیر کے سبب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مانسون کی آمد سے قبل مکمل کئے جانے والے کاموں میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے بلکہ ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے ذریعہ سڑکوں کی مرمت کے کاموں پرتوجہ مرکوز کی جائے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے اپنے ماتحتین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں موسم باراں کے دوران برساتی نالوں میں پانی کے بہتر بہاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ شہر میں سڑکوں کی مرمت اور ڈرینیج کی صفائی کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی اور ان ہدایات کے مطابق دونوں شہروں میں سینکڑوں کیلو میٹر نالوں کی صفائی مکمل کی جاچکی ہے اور اس سلسلہ میں رپورٹ بھی تیا رکی جا چکی ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ دونوں شہرو ںمیں نالوں سے کچہرے کی نکاسی اور پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں جاری کی گئی ہدایات پر مؤثر عمل آوری کی جا رہی ہے لیکن گذشتہ چند یوم کے دوران اس بات کو نوٹ کیا گیا ہے کہ ریاست میں مانسون کی آمد میں تاخیر کی پیش قیاسی کے ساتھ ہی کاموں کی رفتار سست ہوگئی ہے اس لئے دوبارہ ہدایات جاری کرتے ہوئے اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ تمام کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے ذریعہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے اقدامات کئے جائیں اور جن مقامات پر کھلے نالے ہیں ان مقامات پر جالیوں کی تنصیب کے ذریعہ تحفظ کی فراہمی کے اقدامات کئے جا ئیں کیونکہ غیر محفوظ نالوں کے سبب حادثات رونما ہونے کے خدشات پائے جاتے ہیں۔مسٹر دانا کشور نے دونوں شہروں کے علاوہ جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تمام زونل کمشنران کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنے علاقوں میں جاری نالوں کی صفائی کے کاموں کا شخصی طور پر جائزہ لیتے ہوئے جن کاموں کی تکمیل نہیں ہوئی ہے ان کاموں کو مکمل کروانے کے اقدامات کریں۔انہوں نے عہدیدارو ں کو ہدایت دی کہ جی ایچ ایم سی اور محکمہ آبرسانی کے اشتراک سے مین ہولس کو مسطح کرنے کے کاموں کی تکمیل کا بھی جائزہ لیں کیونکہ اگر مانسون کی آمد کے بعد بھی یہ کام جاری رہتے ہیں تو ایسی صورت میں سڑکوں پر پڑنے والے گڑھے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں اسی لئے ان کاموں کو بھی قبل از وقت مکمل کرلیا جائے۔