مانسون کی 27 مئی کو آمد متوقع ۔ بارشیں جلد شروع ہوسکتی ہیں

   

عوام کو گرمی سے راحت بھی جلد مل جائے گی ۔ آئندہ دو دنوں میں بھی بارش اور ہواوں کا امکان

حیدرآباد 11مئی (سیاست نیوز) دھوپ کی شدت اور گرمی سے پریشان شہریوں کیلئے محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی اور پیش قیاسی کی کہ آئندہ دو ہفتہ میںمانسون کی آمد یقینی ہے اور 27 مئی کو جنوب مغربی مانسون ساحل کیرالا سے ٹکرائے گا اور اندرون 4یوم جنوبی ریاستوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائیگا۔ محکمہ موسمیات کے اعلامیہ کے مطابق آئندہ 15یوم میںمانسون کی آمدمتوقع ہے اور مانسون کے ساتھ گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔ ماہرین کے مطابق جاریہ سال بھی قبل از وقت مانسو ن کی آمد کا امکان ہے اور موسم باراں میں معمول سے زیادہ بارش کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ کہا جار ہاہے کہ جنوبی ریاستوں میں ماہ جون کے ابتدائی ایام میں ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوجائیگا جبکہ تلنگانہ و آندھراپردیش‘ کرناٹک‘ میں موسم گرما کے دوران بھی غیر موسمی بارشیں ہوئیں۔ موسم گرما کے آغاز پر کہا جا رہاتھا کہ تلنگانہ میں گرما کی شدت میں ماہ مئی میں زبردست اضافہ ہو گا لیکن موسم گرما کے دوران بارشوں سے حیدرآباد وسکندرآباد و ریاست کے کئی اضلاع میں عوام کو گرمی سے کافی راحت حاصل ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دونوں شہروں و اضلاع میں آئندہ تین یوم میں ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے اور ان بارشوں کے بعد گرمی کی شدت میں کمی ہوسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق جاریہ سال موسم باراں کا آغاز ایک ہفتہ قبل ہونے کی امید ہے اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائیگا ۔ دونوں شہروں میں آئندہ دویوم کی پیش قیاسی میں محکمہ کا کہناہے کہ تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں اس کے علاوہ گھن گرج اور چمک کے ساتھ موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ مانسون کی قبل از وقت آمد اور موسم باراں کے دوران معمول سے زیادہ بارش کی پیش قیاسی کے ساتھ ماہرین نے دعویٰ کیا کہ ملک میں جاریہ سال بھی موسم باراں سرگرم رہے گا اور اس بات کو بعید از حقیقت قراردیا کہ گرما میں بارشیں ہوتی ہیں تو مانسون میں ناکافی بارش ہوا کرتی ہے۔3