مانسون کے پیش نظر خستہ و قدیم عمارتوں کی نشاندہی

   

انہدام کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے متعلقہ حکام کو کمشنر بلدیہ کی ہدایت
حیدرآباد 9 جون( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ مانسون کا آغاز ہو رہا ہے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہری حدود میں قدیم اور خستہ عمارتوں کی نشاندہی کا سروے شروع کردیا گیا ہے ۔ اسی طرح کی کوشش میں گذشتہ سال بلدیہ کی جانب سے 257 خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کرکے انہیں منہدم کردیا گیا تھا ۔ مانسون اور بارش کے دوران کسی ناگہانی واقعہ کو روکنے کیلئے بلدیہ کی جانب سے ہر سال بارش اور مانسون سے قبل ہی قدیم اور خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کرکے انہیں منہدم کردیا جاتا ہے ۔ اس سلسلہ میںکمشنر بلدیہ ڈی ایس لوکیش کمار نے زونل کمشنران اور ڈپٹی کمشنران کو ہدایت دی کہ وہ نیا سروے کرتے ہوئے فی الحال خستہ حال و قدیم عمارتوں کی نشاندہی کریں۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے سرکلوں میں اس طرح کی عمارتوں کی ایک قطعی فہرست تیار کریں ۔ اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ جو عمارتیں سال گذشتہ شناخت کی گئی تھیں

لیکن انہیں منہدم نہ کیا گیا ہو ان کی بھی فہرست تیار کی جائے ۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عمارتوں کے استحکام سے متعلق انجینئرنگ سیکشن کی رپورٹ کا جائزہ لیں اور ان عمارتوں کے انہدام کی مہم کیلئے ایک ایکشن پلان تیار کیا جائے ۔ انتہائی خستہ عمارتوں کے تعلق سے عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان کے مکینوں کا تخلیہ کروائیں اور ساری عمارت کو مہربند کردیں۔ اس کے علاوہ وہاں رکاوٹیں کھڑی کردی جائیں تاکہ دوسرے افراد بھی اس کے قریب نہ جانے پائیں۔ اس کے علاوہ بلدیہ کی جانب سے عمارتوں میں سیلرس کی تعمیر کیلئے کھدوائی کے کام کو بھی روک دیا ہے ۔ جہاں کھدوائی ہوچکی ہے وہاں انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ اطراف میں دیوار تعمیر کردی جائے اور رکاوٹیں کھڑی کردی جائیں۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جو لوگ ان رہنما خطوط کی خلاف ورزی کریں ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔