حیدرآباد ۔19فبروری ( سیاست نیوز) مانصاحب ٹینک علاقہ میں زیر تعمیر عمارت سے گرنے کے دوران ایک مزدور ہلاک ہوگیا ۔ پولیس ہمایوں نگر کے بموجب 42سالہ مہادیو متوطن ضلع کرنول آندھراپردیش روزگارکیلئے حیدرآباد آیا تھا اور وہ پیشہ سے مزدور تھا ۔ مہادیو مانصاحب ٹینک علاقہ میں زیرتعمیر عمارت میں کچھ دنوں سے کام کررہا تھا اور آج شام اس عمارت کی تعمیر کیلئے نصب کئے گئے منچان پر چڑھ کر کام کررہا تھا کہ اتفاقی طور پر پیر پھسلنے سے نیچے گرپڑا ۔ اس حادثہ میں مہادیو شدید زخمی ہوگیا اور اس کے سرپر گہرا زخم آیا ۔ مقامی عوام نے 108ایمبولنس کو طلب کرلیا اور دواخانہ منتقلی کے بعد اُسے مردہ قرار دیا گیا ۔ پولیس ہمایوں نگر نے اس سلسلہ میں لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔