مانو اور ایران کی المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے درمیان یادداشت مفاہمت

   

اردو یونیورسٹی کے ایک نئے دور کا آغاز: ڈاکٹر اسلم پرویز
حیدرآباد، 10؍ اپریل (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی (ایم آئی یو)، ایران کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے۔ یہ بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کا پہلا تعلیمی اشتراک ہے۔ المصطفیٰ بین الاقوامی یونیورسٹی، قم، ایران کی ایک مشہور جامعہ ہے جو 1979 میں قائم ہوئی۔ بین الاقوامی سطح پر اس کی شاخیں اور ملحقہ تعلیمی ادارے موجود ہیں۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار مانو اور ڈاکٹر محمد رضا صالح، اعلیٰ نمائندہ ایم آئی یو نے ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر اردویونیورسٹی، پروفیسر ایوب خان،پرو وائس چانسلر اور پروفیسر علی عباسی، وائس چانسلر، ایم آئی یو اور ڈاکٹر حمید جزائری، رجسٹرار کی موجودگی میں کانفرنس ہال ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ میں یادداشت پر دستخط کیے۔ یادداشت میں فریقین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ہند – ایران تعلقات میں ایک نئے باب کے اضافے کے طور پر دونوں اداروں کی سرگرمیوں کو وسعت اور اسکالرس کے باہمی تبادلے اور تحقیق کی راہ ہموار کی جائے۔ دونوں اداروں میں ہیومانٹیز، ثقافت، تاریخ، فارسی، عربی، اردو زبان و ادب، مینجمنٹ، ترسیل عامہ و صحافت، اسلامک اسٹڈیز وغیرہ پر ریسرچ، مانو کے اسکالرس کو ماسٹرس اور ڈاکٹریٹ سطح پر اسکالر شپ کی فراہمی، ممتاز ماہرین/ طلبہ کے چیئر کا قیام، اسکالرس کا تبادلہ، بین الاقوامی سمینار، کانفرنسیں اور سمپوزیمس کے لیے اشتراک کیا جائے گا۔ ایرانی جامعہ، اردو یونیورسٹی میں قلی قطب شاہ چیئر کے قیام میں تعاون کرے گی ۔ اس کے تحت مشترکہ پراجیکٹس کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ ان پر عمل آوری ہو۔ پروفیسر ایوب خان، ڈاکٹر ایم اے سکندر ، اور المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی سے ڈاکٹر حمید جزائری اور ڈاکٹر محمد رضا صالح نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر سنیم فاطمہ نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر شگفتہ شاہین نے حاضرین کا خیر مقدم کیا۔