ماڈل اسکولس اساتذہ کو ترقی دینے کے احکامات

   

حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست کے ماڈل اسکولس میں پوسٹ گریجویٹ ٹیچر ( پی جی ٹی ) کی حیثیت سے پانچ سال خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو پرنسپال کی حیثیت سے اعلیٰ عہدے پر ترقی دینے اور ٹرینڈ گریجویٹ ٹیچر ( ٹی جی ٹی ) کی حیثیت سے تین سال خدمات انجام دینے یا تین سالہ تجربہ رکھنے والے اساتذہ کو پوسٹ گریجویٹ ٹیچر کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی ۔ ریاستی حکومت نے ان ترقیوں کو یقینی بنانے کے لیے ماڈل اسکولس اساتذہ کے لیے سرویس رولس کو قطعیت دی ہے اور اس سلسلہ میں پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ تعلیم ڈاکٹر پی جناردھن ریڈی نے گذشتہ دن احکامات بھی جاری کئے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ اساتذہ کے لیے اندرون 90 یوم رخصت منظوری کے اختیارات پرنسپال کو ہی دئیے گئے اور اس سے زیادہ دنوں کی رخصت منظور کرنے کے اختیارات ایڈیشنل ڈائرکٹر ماڈل اسکولس کو دئیے گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ماڈل اسکول میں ایک جائیداد پر تقرر عمل میں لانے سے متعلق پرنسپال پوسٹس (پرنسپال جائیدادوں ) پر 70 فیصد ترقیوں کے ذریعہ اور 30 فیصد راست تقررات کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے ۔ اسی طرح ٹی جی ٹی ( ٹرینڈ گریجویٹ ٹیچر ) کی جائیدادوں پر مکمل طور پر راست تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ جب کہ پی جی ٹی ( پوسٹ گریجویٹ ٹیچرس ) کی جائیدادوں کے سلسلہ میں 50 فیصد ترقیوں کے ذریعہ اور 50 فیصد راست ترقیوں کے ذریعہ تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ماڈل اسکولس اساتذہ کے تبادلوں سے متعلق پرنسپال عہدوں کی جائیدادوں کو ریاستی سطح کی جائیدادیں تصور کی جائیں گی اور ٹی جی ٹی و پی جی ٹی جائیدادوں کو زونل کیڈر جائیدادیں تصور کی جائیں گی ۔ جب کہ ماڈل اسکولس ٹیچرس کی جانب سے ایک طویل عرصہ سے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ اور کسی ٹیچر وغیرہ کے انتقال کرجانے پر ان ہی کے کسی فرد کو ملازمت فراہم کرنے کے مطالبات کا سرویس رولس میں کہیں بھی کوئی ذکر نہیں کیا گیا ۔۔