لکھنو: 10 جون (ایجنسیز) ماڈلنگ سے چائے بنانے کا پیشہ اختیار کرنے والی لکھنو کی سمرن گپتا کے ساتھ پولیس نے بدسلوکی کی جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں پولیس کو اس کے کپڑے پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے اپنے غصے کا اظہار کیا ہے۔ سمرن کپتا نے پولیس پر ظلم کرنے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ سمرن کو کئی بار انتباہ دیا گیا تھا کہ وہ رات 12 بجے کے بعد اپنا چائے کا اسٹال بند کردے لیکن اس نے ایسا نہیں کیا۔ پولیس ایک روز اس کے اسٹال پر پہنچ گئی اور خاتون پولیس اہلکاروں کے ساتھ اس کی نوک جھونک ہوئی۔ قریب میں کھڑی ہوئی ایک کار میں بیٹھے ہوئے ایک شخص نے اس واقعہ کی ویڈیو بنائی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔