مولانا سید اسحٰق محی الدین قادری نظامی
قرآن کریم دلوں کی بہار ہے اور قرآن کریم کی بہار ماہ رمضان ہے جیساکہ حضرت امام محمد باقر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ہرچیز کی کوئی بہار ہے اور قرآن کی بہارماہ رمضان ہے۔امیرالمؤمنین سیدنا حضرت علی ابن ابی طالب کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم قرآن مجید کی شان میں ارشاد فرماتے ہیں ’’قرآن میں غور کروکیونکہ قرآن دلوں کی بہار ہے‘‘۔اورسیدناحضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ’’اورماہ رمضان کادل شب قدر ہے‘‘۔لہذاماہ رمضان کی بہت ساری برکات ،قرآن کریم کے سلسلے میں ہیں اور اس مہینہ میں قرآن کے نورانی احکام کودلوں کے کھیت میں کاشت کرنا چاہئے تاکہ پروان چڑھیں اورقرآن کے پھل کو اس مہینہ میں روح کی خوراک بنائیں اوراپنے دل کی قوت کوقرآن کی برکات کے سائے میں مضبوط کریں ۔
قرآن حکیم وہ واحد کتاب ہے جس کے ایک حرف کی تلاوت پردس نیکیاں ملتی ہیں ۔حضرت عبداللہ بن مسعودؓ روایت کرتے ہیں ’’جس نے کتاب اللہ کاایک حرف پڑھا اس کے لئے اس کے عوض ایک نیکی ہے اورایک نیکی کاثواب دس گنا ہوتا ہے ۔میں نہیں کہتا الم ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف، لام ایک حرف اور میم ایک حرف ہے۔‘‘(ترمذی) تلاوت قرآن افضل ترین عبادات میں سے ہے حضور ﷺ نے فرمایا میری امت کی سب سے افضل عبادت تلاوت قرآن ہے۔یہ عظیم کتاب جس کی تلاوت کی بے پناہ فضیلت ہے رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں نازل ہوئی ۔اس لحاظ سے قرآن حکیم اوررمضان المبارک کاآپس میں گہراتعلق ہے، رمضان میں قرآن مجید کی تلاوت کرنے والا گویا اس تعلق کومضبوط ومستحکم کرتا ہے۔حضور نبی اکرم ﷺ کی متعدد احادیث مبارکہ اس بات کی دلیل ہیں کہ آپ ﷺرمضان المبارک میں قرآن حکیم کی تلاوت فرماتے اورجبرئیل علیہ السلام کو سناتے۔بروزقیامت تلاوت قرآن کااہتمام کرنے والوں کی شفاعت خودقرآن حکیم فرمائے گا۔ حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے روایت ہے کہ قیامت کے دن روزہ اورقرآن دونوں بندے کے لئے شفاعت کریںگے۔روزہ کہے گا: اے میرے رب!میں نے اس شخص کودن کے وقت کھانے اور نفسانی خواہشات سے روکے رکھاپس تو اس شخص کے متعلق میری شفاعت قبول فرما۔قرآن کہے گا:اے میرے رب!میں نے اس شخص کورات کے وقت جگائے رکھا پس اسکے متعلق میری شفاعت قبول فرما۔ آپ ﷺ نے فرمایا :ان دونوں کی شفاعت قبول کی جائے گی۔قرآن کریم سے ماہ رمضان المبارک میں خاص طور پر فیض حاصل کیا جاسکتا ہے کیونکہ ماہ رمضان ،نزول قرآن کا مہینہ ہے۔اس مہینہ میں قرآن سے مانوس ہوتے ہوئے تلاوت کے علاوہ قرآن کی آیات کی گہرائی پر بھی غور اور تدبر کرنا چاہئے،اہل بیت اطہار کی سیرت اس بات کی تعلیم دیتی ہے۔ماہ رمضان المبارک قرآن سے انس پیداکرنے کامہینہ ہے ۔یہ وہ مہینہ ہے جس میں انسان بہترین طریقے سے ذہنی اورعملی طور پر قرآن کریم سے فیضیاب ہوسکتا ہے۔